تاثیر 26 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
شولاپور، 26 جولائی:مہاراشٹر کے شولاپور ضلع میں طب کے شعبے میں ایک نئی تاریخ رقم کی گئی جب اے سی ایس اسپتال میں دل کے مریضوں پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے تین انتہائی پیچیدہ سرجریاں کی گئیں۔ اس پیش رفت نے شمالی کرناٹک اور مہاراشٹر کے اضلاع میں شولاپور کو ایک قابل اعتماد طبی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کر دیا ہے۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر جسکرن سنگھ دگل کی نگرانی میں ان کے دو ساتھی ڈاکٹر پرمود پوار اور ڈاکٹر سدھانت گاندھی نے بھیا چوک میں واقع اسپتال میں یہ سرجریاں انجام دیں۔ ایک نیوز کانفرنس کے دوران دونوں ڈاکٹروں نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
دل کی سرجری کو پیچیدہ ترین جراحی میں شمار کیا جاتا ہے، تاہم آئی وی ایس ، روٹا ابلیشن، بیفریکیشن انجیوپلاسٹی، انٹرا ویسکولر لیتھو ٹرپسی اور الٹرا لو کانٹراسٹ جیسی جدید تکنیکوں کی مدد سے نہ صرف تشخیص کی درستگی ممکن ہوئی بلکہ علاج کو بھی محفوظ بنایا گیا۔

