تاثیر 8 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
چنئی، 08 جولائی: تمل ناڈو کے کڈالور ضلع کے سیمنکوپم میں منگل کی صبح ایک اسکول وین کے ٹرین کی زد میں آنے سے دو طالب علموں سمیت تین افراد کی موت ہو گئی۔ حادثے میں چھ طالب علموں سمیت سات افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق حادثہ صبح 7 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا۔ اسکول وین ریلوے کراسنگ کو عبور کر رہی تھی جب وِلوپورم- مائیلادوتھرائی مسافر ٹرین نے وین کو ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ وین کو بری طرح نقصان پہنچا۔ وین ڈرائیور اور چھ طالب علم زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمی طالب علموں کو کڈلور کے سرکاری اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی حالت پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
مقامی حکام نے تصدیق کی ہے کہ دو بچے، نملیش (12) اور ڈی چارومتی (16) کی اس حادثے میں موت ہوگئی، جب کہ ایک شخص، 55 سالہ انا دورائی، بجلی کے زندہ تار سے رابطے میں آنے کے بعد ہلاک ہوگیا۔ ریلوے حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے حادثے پر دکھ کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ حادثے میں دو طالب علموں کی موت کی المناک خبر سے صدمے اور غم میں مبتلا ہوں۔ میں ہلاک ہونے والے طلباء کے اہل خانہ کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
معاوضے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا کہ میں نے حادثے میں ہلاک ہونے والے بچوں کے لواحقین کو چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے 5-5 لاکھ روپے، شدید زخمی بچوں کو ایک ایک لاکھ روپے دینے کا حکم دیا ہے جو زیر علاج ہیں اور معمولی زخمی ہونے والے بچوں کو 50 ہزار روپے دینے کا حکم دیا ہے۔

