بہار کے مدھوبنی میں دو شراب اسمگلروں کی موت کے بعد ہجوم کا پولیس پر حملہ

تاثیر 12 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 12 جولائی :بہار کے مدھوبنی ضلع کے مدھواپور تھانہ علاقے کے تحت پیروکھر گاوں میں ہفتہ کے روز پولیس پر پتھراو? کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پولیس کے تعاقب کے دوران دو شراب اسمگلروں کی موت کے بعد مشتعل ہجوم نے پولیس پر پتھراو کیا۔ہلاک شراب اسمگلروں میں رام پریت مکھیا کا بیٹا راج کشور مکھیا ہے۔ جبکہ دوسرا جیتن مکھیا کا بیٹاسچن مکھیا ہے۔ یہ دونوں سیتامڑھی ضلع کے پپری تھانہ علاقے کے تحت سنگیاہی میں رہتے ہیں۔ ڈی ایس پی نیرج کمار ورما اور ڈی ایس پی امیت کمار نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس کے مطابق پولیس کو شراب کی اسمگلنگ سے متعلق اطلاع ملی تھی۔ جس کی وجہ سے ڈائل 112کی پولیس اہلکاروں نے شراب اسمگلروں کا پیچھا کرنا شروع کر دیا۔ شراب اسمگلروں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ موٹر سائیکل پر شراب لے کر جا رہے تھے۔ اس دوران مدھواپور تھانہ کی ڈائل 112 گاڑی نے ان کا پیچھا کیا۔ تاہم اس دوران اسمگلروں کی موٹر سائیکل ڈائل 112 سے ٹکرا گئی اور ایک اسمگلر کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ دوسرا سمگلر بری طرح زخمی ہوگیا۔ اسے علاج کے لیے ڈی ایم سی ایچ دربھنگہ لے جایا گیا جہاں اس کی موت ہو گئی۔