تاثیر 22 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،22جولائی:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گذشتہ ہفتے کی شام میں اسرائیل کے فضائی حملوں کی اطلاع ملی تو وہ حیران ہو گئے۔ انہوں نے فوری طور پر اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو سے رابطہ کر کے ان حملوں کے بارے میں وضاحت طلب کی۔صدر کی ترجمان کارولین لیویٹ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ صدر ٹرمپ کو شام میں ہونے والے حملوں کی خبر اچانک ملی، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر نیتن یاھو سے بات کی تاکہ صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔
یہ بیان ایک نادر اشارہ ہے کہ ٹرمپ اور نیتن یاھو کے موقف میں شام کے حوالے سے اختلاف ہے، حالانکہ دونوں رہنما اکثر ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف یکساں پالیسی اپناتے رہے ہیں۔کارولین لیویٹ نے مزید کہا کہ شام کے معاملے میں کشیدگی میں کمی دیکھی گئی ہے اور صدر ٹرمپ اور بنجمن نیتن یاھو کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور رابطہ مسلسل جاری ہے۔نیتن یاھو نے اس سال جولائی کے آغاز میں واشنگٹن کا دورہ کیا تھا جو ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد تیسرا دورہ ہے۔گذشتہ ہفتے اسرائیلی فضائیہ نے جنوب شام کے شہر السویداء میں شامی فوج کے یونٹس اور دمشق کے دیگر فوجی مراکز پر حملے کیے، جن کا مقصد حکومت شام پر دباؤ ڈالنا تھا تاکہ وہ السویداء سے اپنی فوجی فورسز واپس لے لے۔امریکہ کی ثالثی سے شام اور اسرائیل نے جمعہ کی شام جنگ بندی کا معاہدہ کیا۔

