دم دم میں ترنمول کانگریس کے دو گروپوں کے درمیان پرتشدد تصادم، علاقے میں کشیدگی

تاثیر 23 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکاتہ، 24 جولائی : جمعرات کو شمالی کولکاتہ کے دم دم علاقے میں ترنمول کانگریس ایم ایل اے اور کونسلر کے حامیوں کے درمیان پرتشدد تصادم کے بعد علاقے میں کشیدگی ہے۔ یہ تنازع بدھ کی رات اس وقت شروع ہوا جب کونسلر کاکولی سین کے حامیوں نے مبینہ طور پر مقامی ایم ایل اے آتن گھوش کے حامیوں پر حملہ کیا۔
گھوش کے حامیوں کا الزام ہے کہ جھڑپ کے دوران کونسلر کاکولی سین نے ایک بزرگ خاتون کو تھپڑ مارا۔ کاکولی سین ترنمول کے معطل راجیہ سبھا ممبر ڈاکٹر شانتنو سین کی اہلیہ ہیں، اس واقعہ کے خلاف بدھ کی رات کو آتن گھوش کے حامی کاکولی سین اور ڈاکٹر شانتنو سین کے گھر کے باہر جمع ہوئے اور احتجاج شروع کر دیا، حالانکہ اس وقت دونوں گھر پر موجود نہیں تھے۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور کافی سمجھانے کے بعد مظاہرین کو ہٹایا گیا۔ تاہم گھوش کے حامیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر سین دھڑے کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تو وہ سنتھی پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج کریں گے۔