پریہار میں پانی کا بحران شدید: راجد کی رہنما ڈاکٹر سمتا پُروے میدان میں سرگرم، راحت رسانی اور عوامی رابطہ مہم کی تیز

تاثیر 31 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

سیتامڑھی (مظفر عالم)
ضلع  کے مختلف بلاکوں میں زیر زمین پانی کی سطح مسلسل گرنے کے سبب سنگین آبی بحران پیدا ہو گیا ہے۔ حالات اس قدر ابتر ہو چکے ہیں کہ کئی دیہات میں پینے کے پانی کی شدید قلت دیکھی جا رہی ہے۔ پریہار اسمبلی حلقہ میں یہ بحران مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے۔ نل جل اسکیمیں یا تو بند پڑی ہیں یا پھر جگہ جگہ پانی کا رساؤ ہو رہا ہے، جب کہ عام لوگ ایک ایک بوند کے لیے ترس رہے ہیں۔
ایسے وقت میں راشٹریہ جنتا دل (راجد) کی سرگرم رہنما ڈاکٹر سمتا پُروے نے اس آفت جیسی صورت حال کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے محاذ سنبھال لیا ہے۔ وہ مسلسل پریہار اسمبلی حلقے کے مختلف پنچایتوں کا دورہ کر رہی ہیں، زمینی سطح پر لوگوں کے مسائل سن رہی ہیں اور ان کے فوری حل کے لیے سرگرمی سے کوشاں ہیں۔
پانی کی فراہمی کے لیے ہیلپ لائن اور ٹینکر سروس
ڈاکٹر پُروے نے پانی کے بحران سے دوچار لوگوں کی مدد کے لیے ایک ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا ہے، جس پر عوام اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ ان کی پہل پر اب تک تقریباً ڈیڑھ درجن ٹینکروں کے ذریعے دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کی جا چکی ہے۔ ساتھ ہی نل جل اسکیموں کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے الگ الگ تکنیکی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جو دن رات مرمت کے کاموں میں مصروف ہیں۔
انتظامیہ کی کوششیں جاری، لیکن وسائل محدود
اگرچہ ضلع انتظامیہ بھی پانی کے بحران سے نمٹنے کی کوششوں میں مصروف ہے، لیکن وسائل کی کمی اور اسکیموں کی ناقص دیکھ بھال کے باعث بحران مکمل طور پر ختم ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔ ایسے میں عوام کو راحت پہنچانے کے لیے سیاسی و سماجی قیادت کا کردار اور بھی زیادہ اہم ہو گیا ہے۔
خواتین میں بیداری اور ’تیجسوی مشن 2025‘ کو رفتار
ڈاکٹر سمتا پُروے نہ صرف پانی کے بحران کے حل پر کام کر رہی ہیں بلکہ تیجسوی یادو کو 2025 میں وزیر اعلیٰ بنانے کے لیے ‘تیجسوی مشن 2025’ کو بھی نئی رفتار دے رہی ہیں۔ وہ خاص طور پر خواتین سے روبرو ہو کر ان سے گفتگو کر رہی ہیں۔
ان کی توجہ اس بات پر ہے کہ دلت، مہا دلت، پسماندہ، انتہائی پسماندہ، اقلیتی اور محروم طبقات کی خواتین کو لالو یادو کے سماجی انصاف کے ماڈل اور تیجسوی یادو کے 17 مہینوں کے دور حکومت میں کی گئی ترقیاتی اسکیموں، نوجوانوں کو دی گئی نوکریوں، تعلیم اور صحت کے شعبے میں بہتری جیسے امور سے واقف کرایا جائے۔
ڈاکٹر پُروے خواتین کو اس بات کا شعور دے رہی ہیں کہ سماجی تبدیلی میں ان کی شمولیت کتنی اہم ہے۔ وہ تیجسوی یادو کے “بہار پھر سے بنے گا نمبر 1” کے وژن کو ہر گاؤں، ہر پنچایت تک پہنچانے کے لیے متحرک ہیں۔
“ہم عوام کے مسائل سے منہ نہیں موڑتے، بلکہ ان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ پانی کے بحران سے لے کر انصاف کی جدوجہد تک، ہم ہر محاذ پر تیار ہیں۔”