تاثیر 17 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دمشق،17جولائی:اسرائیل کی جانب سے دمشق میں بمباری کے بعد شامی صدر احمد الشرع نے جمعرات کی صبح قوم سے خطاب میں اسرائیل پر شام کے اندر “فتنہ انگیزی” کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اسرائیل نے سویداء میں کشیدگی کو بھڑکایا ہے۔
اپنے خطاب میں صدر الشرع نے دروز برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا “ہم کسی بھی ایسے اقدام کو مسترد کرتے ہیں جو آپ کو بیرونی فریقوں کی طرف کھینچے یا ہمارے اندر تقسیم پیدا کرے۔
انھوں نے کہا کہ شامی عوام نے آزادی کے لیے قربانیاں دیں، اور اگر اْن کی عزت کو خطرہ لاحق ہوا تو وہ دوبارہ لڑنے کو تیار ہیں۔الشرع کا کہنا تھا کہ “اسرائیل، جو ہمیشہ ہمارے استحکام کو نشانہ بناتا رہا ہے، آج پھر ہماری سرزمین کو فتنہ و فساد کی آماج گاہ بنانے پر تلا ہوا ہے تاکہ ہماری وحدت کو توڑے اور ہماری تعمیر نو کی کوششوں کو ناکام بنائے۔
صدر نے مزید کہا کہ “ہم جانتے ہیں کہ ہمیں جنگ میں دھکیلنے کی کوشش کون کر رہا ہے، لیکن ہم اپنے وطن کو کسی بھی بیرونی سازش کا میدانِ کارزار نہیں بننے دیں گے۔

