عوام کے ہر مسئلے کو حل کرائیں گے: وزیراعلیٰ

تاثیر 25 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

گورکھپور، 25 جولائی: گورکھپور میں اپنے قیام کے دوران وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کی صبح جنتا درشن کے لیے آئے لوگوں سے ملاقات کی اور یقین دلایا کہ حکومت عوام کے ہر مسئلہ کا موثر حل فراہم کرے گی۔ وزیر اعلی نے وہاں موجود تمام لوگوں کے مسائل غور سے سنے اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوامی مسائل کو حساسیت اور بروقت حل کریں۔ اس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل معیاری، شفاف اور تسلی بخش ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے حکام سے کہا کہ عوام کے ہر مسئلہ کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گورکھ ناتھ مندر کمپلیکس کے مہنت دگ وجے ناتھ اسمرتی بھون کے سامنے منعقدہ جنتا درشن میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ خود کرسیوں پر بیٹھے لوگوں کے پاس پہنچے اور ایک ایک کر کے سبھی کے مسائل سنے۔ انہوں نے تقریباً 200 لوگوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے سب کو یقین دلایا کہ ہر شخص کو انصاف ملے گا۔ سبھی کی درخواستوں کو متعلقہ عہدیداروں کے پاس بھیجتے ہوئے اور جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیر اعلی نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت ہر متاثرہ کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔