نادیہ میں چلتی بس کا پہیہ نکلا، 30 مسافر زخمی

تاثیر 7 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نادیہ، 7 جولائی : مغربی بنگال کے نادیہ ضلع کے کرشنا نگر علاقے میں ہیلی پیڈ موڑ کے قریب نودویپ-کرشن نگر قومی شاہراہ پر پیر کی صبح ایک مسافر بس کا اگلا پہیہ اچانک نکلگیا، جس کی وجہ سے بس بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے میں بس میں سوار تقریباً 30 مسافر زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو مقامی شکتی نگر ضلع اسپتال لے جایا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق پیر کی صبح سے ہی علاقے میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی تھی۔ اس دوران ایک پرائیویٹ بس مسافروں کو لے کر بردوان سے کرشن نگر کے راستے نودویپ جا رہی تھی۔ چونکہ صبح کا وقت تھا، اس لیے بس میں دفتر جانے والوں اور روزانہ مسافروں کی بھیڑ تھی۔ راستے میں ایک بمپر پر چڑھتے ہوئے بس کا اگلا پہیہ اتر گیا اور بس کچھ ہی فاصلہ طے کرنے کے بعد سڑک کے بیچوں بیچ الٹ گئی۔ واقعہ سے مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا۔