یوم آزادی کے پیش نظر دہلی میں پارسل سروس پر چار دن کی عارضی پابندی

تاثیر 12 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 12 اگست: یوم آزادی کی تقریبات کے پیش نظر، شمالی ریلوے نے دہلی میں حفاظتی انتظامات کو سخت کرنے کے لیے 12 سے 15 اگست تک دہلی کے علاقے میں ریلوے اسٹیشنوں پر تمام قسم کے پارسل ٹریفک کو عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شمالی ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر ہمانشو شیکھر اپادھیائے نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ یہ پابندی نئی دہلی، دہلی جنکشن، حضرت نظام الدین، آنند وہار ٹرمینل اور دہلی سرائے روہیلا اسٹیشنوں پر لاگو ہوگی۔ ان اسٹیشنوں سے گزرنے والی اور رکنے والی تمام ٹرینوں میں لیز پر ایس ایل آر اور وی پی کوچز کے ذریعے کسی بھی قسم کے پارسل کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ ممنوع ہوگی۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ قدم دارالحکومت میں 15 اگست کو منعقد ہونے والی اعلیٰ سطحی تقریبات کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔اس دوران پارسل گوداموں اور پلیٹ فارمز پر کسی قسم کی پارسل پیکنگ یا ہینڈلنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔ تاہم، مسافر کوچوں میں ذاتی سامان لے جانے کی اجازت دی گئی ہے اور قواعد کے مطابق تمام کاروباری رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے بعد اخبارات اور رسالوں کی بکنگ کی بھی اجازت ہوگی۔