تاثیر 03 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 3 اگست:بہار کے والمیکی نگر کے گنڈک بیراج سے پانی چھوڑا گیا ہے جس کے بعد ریاست کے کئی اضلاع میں سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ محکمہ آبی وسائل نے سیلاب کے امکان کے پیش نظر چوکسی بڑھا دی ہے اور آس پاس کے اضلاع کے لیے وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
اتوار کی صبح 10 بجے تک کی تازہ ترین اطلاع کے مطابق گنڈک بیراج، والمیکی نگر سے بھاری پانی کا بہاو? درج کیا گیا ہے۔ بیراج سے پانی کا اوپری بہاؤ تقریباً 1,09,500 کیوسک تھا جب کہ زیریں جانب 86,000 کیوسک ماپا گیا۔ بیراج کے بالائی پانی کی سطح 362.00 فٹ اور زیریں پانی کی سطح 345.00 فٹ درج کی گئی جو پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کی نشاندہی کرتی ہے۔
دراصل گنڈک کینال سسٹم کے تحت نہروں سے چھوڑے جانے والے پانی کی مقدار فی الحال ان کی ڈیزائن کی گنجائش سے کم ہے، جس سے یہ قیاس آرائیاں ہوتی ہیں کہ انتظامیہ پانی کی سطح کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

