تاثیر 27 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کٹرا، 27 اگست: جموں و کشمیر کے کٹرا میں ویشنو دیوی مندر کے قریب منگل کو شدید بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ سے 32 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ ریاسی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پرم ویر سنگھ نے یہ اطلاع دی۔
یہ لینڈ سلائیڈنگ ویشنو دیوی مندر کے راستے پر ادھکواری گپھا مندر کے اندرا پرستھ ریسٹورنٹ کے قریب ہوئی۔شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ (ایس ایم وی ڈی ایس بی) نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ادھکواری میں اندرا پرستھ بھوجنالیہ کے قریب لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔ کچھ لوگوں کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔ ضروری افرادی قوت اور مشینری کے ساتھ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ چکی ندی میں مٹی کے کٹاؤ اور اچانک سیلاب کے بعد پٹھان کوٹ کینٹ اور کنڈروری کے درمیان ڈاؤن لائن پر ٹریفک میں خلل پڑنے کی وجہ سے 18 ٹرینیں منسوخ کردی گئیں۔
دریں اثنا، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیمیں واقعہ کے فوراً بعد موقع پر پہنچ گئی تھیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بات کی ہے۔ مقامی انتظامیہ زخمیوں کی مدد کے لیے راحت اور بچاو کے کاموں میں لگی ہوئی ہے اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی وہاں پہنچ رہی ہیں۔

