تاثیر 10 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
رام اللہ،10اگست:برطانوی پولیس نے کالعدم تنظیم فلسطین ایکشن کی حمایت میں لندن میں مظاہرہ کرنے والے 474 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد میں سے 466 کو فلسطین ایکشن کی حمایت میں مظاہرہ کرنے کی پر حراست میں لیا گیا ہے جبکہ پانچ افراد کو پولیس پر حملہ کرنے، دو کو نقض عامہ میں خلل ڈالنے اور ایک نسلی تعصب پھیلانے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا۔ویسٹ منسٹر کے پارلیمنٹ سکوائر پر ’ڈیفنڈ آؤر جیوری‘ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے میں کئی لوگوں نے ہاتھ سے لکھے بینرز پر یہ پیغام درج کیا کہ ’میں نسل کشی کی مخالفت کرتا ہوں، میں فلسطین ایکشن کی حمایت کرتا ہوں۔حکومت نے جولائی میں اس فلسطین ایکشن نامی گروپ کو دہشت گردی کے ایکٹ 2000 کے تحت کالعدم قرار دیتے ہوئے اس کی رکنیت یا حمایت کو مجرمانہ جرم قرار دیا، جس کی سزا 14 سال تک قید ہے۔ان مظاہروں میں کوئی اہلکار شدید زخمی نہیں ہوا، اور میٹ پولیس نے کہا کہ گذشتہ 10 سالوں میں پولیس کی جانب سے کی جانے والی ایک ہی دن میں یہ سب سے زیادہ گرفتاریاں ہیں۔وزیر داخلہ یویٹ کوپر نے پولیس کے اس اقدام پر ان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ خیراتی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کو ’بہت تشویشناک‘ قرار دیا۔پارلیمنٹ سکوائر کی فوٹیج میں افسران کو مظاہرین کے درمیان چلتے پھرتے دیکھا جا سکتا ہے، جو بنیادی طور پر زمین پر بیٹھے ہوئے تھے اور انھیں دور لے جانے سے پہلے ان سے بات کر رہے تھے۔

