بہار میں ڈوبنے سے 6 بچوں کی موت

تاثیر 27 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نالندہ/کیمور،27 اگست:بہار میں ایک کے بعد ایک حادثات کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ منگل کے روز نالندہ اور کیمور اضلاع میں ڈوبنے کے چار الگ الگ واقعات میں چھ معصوم بچوں کی موت ہوگئی، جب کہ ایک بچی کی حالت تشویشناک ہے۔ نالندہ میں 24 گھنٹوں کے اندر دو لڑکے اور دولڑکی کی موت ہو گئی ہے۔ حادثے کے بعد پورے گاؤں میں کہرام مچ گیا ہے۔
نالندہ ضلع کے بین تھانہ علاقے کے کْتول پور گاؤں میں دو بچوں کی نہر میں ڈوب کرموت ہوگئی۔ مرنے والوں کی شناخت تلسی مستری کے 10 سالہ بیٹے سوہن کمار اور اکھلیش رام کے 13 سالہ بیٹے گورو کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں بچے گاؤں سے ڈیڑھ کلومیٹر دور لالہ کھنڈہ نامی جگہ پر نہا رہے تھے۔