دو دن کی راحت کے بعد پھر بارش کا امکان، درگا پوجا سے قبل تیز ہواؤں کا اندیشہ

تاثیر 31 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کلکتہ، 31/ اگست (محمد نعیم) درگا پوجا کی تیاریوں کے بیچ مغربی بنگال میں موسم کی کروٹ نے منتظمین اور کاریگروں کی فکر بڑھا دی ہے۔ محکمۂ موسمیات علی پور کے مطابق اتوار اور پیر کو اگرچہ بارش میں کچھ کمی واقع ہوگی، لیکن منگل سے ایک بار پھر موسم کا مزاج بدلنے کا امکان ہے۔ پیش گوئی کے مطابق 2 ستمبر سے جنوبی بنگال کے بیشتر اضلاع میں بارش بڑھ سکتی ہے۔
فی الحال مانسونی محور اوڈیشہ کے راستے خلیج بنگال تک پھیلا ہوا ہے اور امید ظاہر کی جارہی ہے کہ منگل تک یہ دوبارہ جنوبی بنگال کے قریب پہنچ جائے گا۔ اس کے سبب پوجا کی تیاریوں پر برا اثر پڑ رہا ہے۔ پوجا پنڈال باندھنے کے کام میں مشکلات درپیش ہیں، جب کہ بت ساز بھی پریشان ہیں کہ مسلسل نمی اور بارش میں مورتیاں کس طرح سوکھیں گی۔
ادھر ہفتہ کے روز کلکتہ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 0.9 ڈگری کم ہے۔ اتوار کی صبح کم سے کم درجہ حرارت 27.2 ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے کچھ زیادہ ہے۔ اگرچہ شہر میں اتوار کو بھاری بارش کا امکان کم ہے، لیکن ہوا میں نمی کی مقدار (زیادہ سے زیادہ 94 فیصد اور کم سے کم 70 فیصد) شہریوں کے لئے بے چینی اور گھٹن کا باعث بنے گی۔
دوسری طرف شمالی بنگال کے کئی اضلاع میں اتوار کو موسلادھار بارش کی پیش گوئی ہے۔ علی پور دوار اور جلپائی گوڑی میں خاص طور پر شدید بارش کا امکان ہے، جب کہ دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ البتہ پیر سے شمالی بنگال میں بارش کی شدت میں کمی آنے کی امید ہے۔
محکمۂ موسمیات نے عوام اور پوجا منتظمین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کے پیش گوئی پر نگاہ رکھیں اور بارش سے پیدا ہونے والی مشکلات کے پیش نظر ضروری احتیاطی اقدامات کریں۔