تاثیر 17 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
موتی ہاری، 17 اگست 2025 (محمد امراللہ): یوم آزادی 2025 کے پرمسرت موقع پر ادارہ ادب اسلامی ہند، موتی ہاری، مشرقی چمپارن کے زیر اہتمام ایک ادبی و شعری نشست بعنوان ’’ایک شام یوم آزادی کے نام‘‘ اردو لائبریری، موتی ہاری میں منعقد ہوئی۔ پروگرام کی صدارت ادارہ ادب اسلامی ہند، موتی ہاری کے صدر جناب سہیل ساحل نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض ادارہ کے سیکریٹری جناب فصیح اختر فصیح نے انجام دیے۔
سابق پرنسپل جناب ابو نصر نہال الدین نے ’’آزادی کی لڑائی میں مسلمانوں کی قربانیاں‘‘ کے عنوان پر اپنا مقالہ پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ خادم اردو جناب تنویر احمد خان نے ’’آزادی کی لڑائی میں دانشوروں کی گراں قدر خدمات‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے سامعین کی معلومات میں اضافہ کیا۔ عمر کے آخری پڑاؤ میں ہونے کے باوجود جناب تنویر احمد خان ادبی، سیاسی اور سماجی خدمات میں سرگرم ہیں اور ادارہ ادب اسلامی ہند کے پروگراموں میں ان کی مسلسل شرکت نئی نسلوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
ادارہ ادب اسلامی ہند کے ریاستی سیکریٹری جناب عزیر انجم نے ’’تحریک آزادی میں اردو صحافت کا کردار‘‘ پر اپنا مقالہ پیش کیا۔ پروفیسر اقبال حسین، امیر مقامی، نے ادب کی اہمیت و افادیت پر جامع خطاب کیا۔ اس موقع پر ناظم اضلاع (ترہت) جناب خورشید امام، سابق امیر مقامی جناب عبدالرشید برق، رکن جماعت اسلامی ہند موتی ہاری جناب حسن شاہد، جناب محمد امراللہ، جناب شاہد جمیل، جناب خالد سیف اللہ سمیت دیگر اہل علم و دانش موجود تھے۔اس نشست میں شہر اور گردونواح کے شعراء نے اپنے تازہ کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ صدر ادارہ جناب سہیل ساحل اور سیکریٹری جناب فصیح اختر فصیح نے اعلان کیا کہ ادارہ ادب اسلامی ہند، موتی ہاری ہر ماہ ایک باضابطہ ادبی و شعری نشست کا اہتمام کرے گا، جس میں مشرقی چمپارن کے نامور شعراء اور ادیب شرکت کریں گے۔

