تاثیر 05 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تہران،05اگست:ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ ایرانی شوریٰ کونسل کے منظور کردہ قوانین کے مطابق کسی بھی حالت میں کسی بھی بین الاقوامی ادارے کو ایران کی جوہری تنصیبات تک رسائی حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ابراہیم عزیزی نے نیوز ایجنسی ’’ تسنیم‘‘ کو بتایا کہ اگلے ہفتے ایران کا دورہ کرنے والا بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کا وفد صرف ایرانی حکام اور ماہرین کے ساتھ تکنیکی اور پیشہ ورانہ بات چیت اور مشاورت کے لیے مجاز ہوگا۔ انہوں نے ان افواہوں کی تردید کی کہ ایجنسی ایران کی جوہری تنصیبات کا معائنہ دوبارہ شروع کرے گی۔ابراہیم عزیزی نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کے منظور شدہ قوانین کسی بھی وفد یا غیر ملکی فریق کو جوہری تنصیبات میں داخل ہونے سے مکمل طور پر روکتے ہیں۔ اس وفد کو یا کسی اور کی طرف سے کسی بھی قسم کے معائنے کی اجازت نہیں ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ نے زور دیا کہ یہ پابندیاں مستقل اور ناقابلِ تبدیلی ہیں اور ان کی مکمل پاسداری میں کوئی نرمی نہیں ہوگی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اس دورے کے حوالے سے ایرانی حکومت اور جوہری توانائی تنظیم کے پروگرام میں کسی بھی طرح سے ایسے مسائل پر بحث شامل نہیں ہے جن میں ایجنسی کے مطالبے کے مطابق تنصیبات تک رسائی یا معائنہ کا نفاذ بھی ہو۔

