تاثیر 06 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ڈھاکہ، 06 اگست: بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے منگل کی شب ملک کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کے قوم سے خطاب کا خیر مقدم کیا ہے۔ بی این پی نے پروفیسر یونس کے اگلے سال فروری میں انتخابات کرانے کے اعلان کو تاریخی قرار دیا ہے۔ یہ بات بی این پی کے جنرل سکریٹری مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے دارالحکومت ڈھاکہ کے گلشن میں بی این پی کے صدر کے دفتر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں ایک باضابہ ردعمل میں کہی۔
بنگالی اخبار پروتھوم الو کے مطابق، انہوں نے کہا، ’’یہ تاریخی اعلان بنگلہ دیش کے سیاسی تعطل کو ختم کرے گا اور جمہوریت کی طرف ہمارا سفر ہموار کرے گا۔‘‘مرزا فخرالاسلام نے کہا’’بی این پی امید کرتی ہے کہ حکومت اور الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور سب کے لیے قابل قبول بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ پارٹی تمام سیاسی جماعتوں اور عوام سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ایک موثر قومی پارلیمنٹ کی تعمیر کے لیے کام کریں‘‘۔

