تاثیر 22 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سیتامڑھی (مظفر عالم)
سیتامڑھی ضلع کے باجپٹی پولیس اسٹیشن کے تحت بسہا گاؤں کے پاس ہفتے کے روز ایک آٹو ڈرائیور کی لاش سڑک کے کنارے سے برآمد ہوئی ۔ متوفی کی شناخت 28 سالہ دیپک کمار کے طور پر کی گئی ہے جو سیتامڑھی ضلع کے بتھناہا کا رہنے والا ہے۔
وہ پچھلے دو دنوں سے لاپتہ تھا۔
صبح گاؤں والوں نے بسہا گاؤں میں پل کے پاس سڑک کے کنارے لاش دیکھی۔ اور فوری طور پر پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ جس کے بعد مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر مزید تفتیش شروع کر دی۔ ساتھ ہی گھر والوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی دیپک کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ تھانے میں درج کرائی تھی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے رات کی تاریکی میں لاش وہاں پھینکی ہوگی۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش میں اسے قتل کا معاملہ قرار دیا ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بھیج دیا ہے۔ پولیس موقع پر جانچ کر رہی ہے اور آس پاس کے لوگوں سے بھی تحقیقات کر رہی ہے۔
مقتول کے لواحقین نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ جس کے بعد پولیس نے مقتول کے اہل خانہ کو یقین دلایا ہے کہ مجرموں کو جلد پکڑ لیا جائے گا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ضلع میں مسلسل جرائم کی وارداتوں کی وجہ سے عام لوگوں میں خوف اور عدم تحفظ کا ماحول ہے۔ لوگوں نے پولیس انتظامیہ سے سخت کارروائی کی اپیل کی ہے۔

