تاثیر 30 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد، 30۔ اگست: اسمبلی اجلاس سے قبل بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) نے گن پارک میں شہدا کی یادگار پردھرنا دیتے ہوئے تلنگانہ بھر میں یوریا کی شدید قلت کو اجاگر کیا۔ پارٹی قائدین اور کارکنوں نے خالی یوریا کی بوریاں دکھا کرعلامتی احتجاج کیا اور کانگریس حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ بی آرایس قائدین نے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت کسانوں کو کھاد فراہم کرنے میں ناکام ہو رہی ہے اور ایسی حکومت کو فوری استعفیٰ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گنیش چتورتھی کے دن بھی کسان یوریا کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑے ہیں، بارش میں بھیگتے ہوئے کھاد حاصل کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ یہ بحران کانگریس کی ناکامی کا نتیجہ ہے۔کے سی آر کے دس سالہ دور میں کسانوں کو کبھی ایسی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ آج کسان جوتے اور آدھار کارڈ کے ساتھ قطار میں کھڑے ہیں۔ یہ کسانوں کے ساتھ ریونت ریڈی کی غداری ہے۔ راما راؤ نے مطالبہ کیا کہ اسمبلی کا اجلاس کم از کم 15 دن تک بلایا جائے۔

