تاثیر 24 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
گوتم بدھ نگر، 24 اگست: تھانہ کاسنا نے ہفتہ کی رات دیر گئے اپنی بیوی کو مار پیٹ کر زندہ جلانے والے وحشی کو گرفتار کر لیا۔ آج پولیس مذکورہ واردات میں استعمال ہونے والی آتش گیر مادہ برآمد کرنے کے لیے ملزم کو لے جا رہی تھی کہ ملزم وپن بھاٹی نے سب انسپکٹر کا پستول چھین لیا اور بھاگنے لگا۔ جب پولیس نے اس کا پیچھا کیا تو اس نے پولیس پارٹی کو قتل کرنے کی نیت سے فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں پولیس نے بھی فائرنگ کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر زون III سدھیر کمار سنگھ نے بتایا کہ گولی ان کی ٹانگ میں لگی۔ اسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس اس معاملے میں مطلوب تینوں ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے اتوار کو بتایا کہ 21 اگست کی رات کاسنا پولیس اسٹیشن کو فورٹیس اسپتال، گریٹر نوئیڈا سے اطلاع ملی کہ سرسا گاؤں کی رہنے والی 28 سال کی ایک خاتون نکی نامی کو جھلسنے کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور اسے دہلی کے صفدرجنگ اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خاتون اسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گئی۔

