سی بی آئی نے دہلی پولیس کے ایس آئی کو 40 ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا

تاثیر 06 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 6 اگست:سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے بدعنوانی کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دہلی پولیس کے ایک سب انسپکٹر (ایس آئی) کو 40 ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ یہ معاملہ شمالی دہلی کے ایک پولیس اسٹیشن کا ہے، جہاں پر تعینات ایس آئی وجے سنگھ پر ایک شخص سے اپنے کزن کو گرفتار نہ کرنے اور پیشگی ضمانت کرانے میں مدد کرنے کے عوض 50 ہزار روپے رشوت مانگنے کا الزام ہے۔
سی بی آئی کے مطابق شکایت ملنے پر سی بی آئی نے ایس آئی وجے سنگھ کے خلاف 5 اگست کو مقدمہ درج کیا اور تحقیقات شروع کی۔ یہ الزام ہے کہ وجے سنگھ نے شکایت کنندہ کے ساتھ 50000 روپے میں معاہدہ کیا تھا۔ اس کے بعد سی بی آئی نے جال بچھا کر ملزم کو شکایت کنندہ سے 40,000 رشوت لیتے ہوئے اسی دن یعنی 5 اگست کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔ سی بی آئی حکام نے بتایا کہ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہے۔