وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں سرینگر قومی شاہراہ کی بحالی کا جائزہ لیا

تاثیر 31 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 31 اگست:جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ حالیہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے تباہ شدہ جموں سری نگر قومی شاہراہ کی بحالی جنگی بنیادوں پر جاری ہے اور حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ شاہراہ کو جلد از جلد آمد و رفت کے قابل بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے اتوار کے روز رامبن کے مروگ اور ادھمپور کے مختلف مقامات پر بحالی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارشوں سے سب سے زیادہ نقصان ادھمپور کے علاقے میں ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ متبادل راستے کھلے رکھے جائیں تاکہ لوگوں کو دشواریوں کا سامنا نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ مکمل بحالی میں تقریباً 20 سے 25 روز لگ سکتے ہیں۔
عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ متاثرین کو ایس ڈی آر ایف کے ذریعے مقامی سطح پر راحت پہنچائی گئی ہے اور اگر ضرورت پیش آئی تو مرکز سے بھی امداد طلب کی جائے گی۔ ہم متاثرہ عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے پابند ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ہفتے کے روز وزیر اعلیٰ نے قومی شاہراہ (این ایچ-44) اور دیگر متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی تھی۔ اجلاس میں مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سکریٹری اٹل ڈلو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری دھیرج گپتا، پرنسپل سکریٹری داخلہ و تعمیرات عامہ، صوبائی کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور بی آر او، این ایچ آئی ڈی سی ایل، این ایچ اے آئی، پولیس و دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔