تاثیر 22 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 22 اگست:دہلی میونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرپرسن ستیہ شرما نے جمعہ کو شاہدرہ شمالی اور شاہدرہ جنوبی علاقوں میں “کچرے سے دہلی کی آزادی” مہم کے تحت مشترکہ صفائی مہم میں حصہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے خود سڑک پر جھاڑو دی اور علاقہ مکینوں کو صفائی کا پیغام دیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد صفائی کو برقرار رکھیں۔
اس موقع پر ستیہ شرما نے شاہدرہ میٹرو اسٹیشن سے بھولا ناتھ نگر روڈ کا معائنہ کیا اور صفائی کے نظام اور تجاوزات کو ہٹانے کے سلسلے میں عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔
اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیرپرسن ستیہ شرما نے کہا کہ دہلی کو صاف ستھرا اور صحت مند بنانا نہ صرف کارپوریشن یا حکومت کی ذمہ داری ہے بلکہ یہ ہر شہری کا فرض ہے۔ اگر ہر کوئی اپنے گھر، گلی اور محلے کو صاف ستھرا رکھتا ہے تو دہلی صحیح معنوں میں کچرے سے پاک ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف صفائی سے ہی ایک صحت مند سماج اور خوبصورت دہلی کی تشکیل ممکن ہے۔

