تاثیر 23 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دہرادون، 23 اگست:اتراکھنڈ میں بارش کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ چمولی ضلع کی تحصیل تھرالی کے ٹونری گڈیرہ میں جمعہ کی آدھی رات کو بادل پھٹنے سے بھاری تباہی ہوئی ہے۔ تھرالی مارکیٹ اور گردونواح میں بھاری ملبہ گر گیا۔ ملبے کی وجہ سے ایس ڈی ایم کی رہائش گاہ سمیت کئی مکانات کو نقصان پہنچا۔ دکانیں ملبے سے بھر گئیں۔ کئی گاڑیاں بھی ملبے تلے دب گئیں۔ ملبے تلے دب کر ایک کمسن بچی کی موت ہو گئی ہے جبکہ ایک شخص کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ مقامی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیمیں بچاؤ کے کام میں مصروف ہیں۔
وزیراعلیٰ کے دفتر کے مطابق ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیمیں آفت زدہ علاقے کے لیے روانہ ہوگئی ہیں۔
اس کے علاوہ جوشی مٹھ سے ایک میڈیکل ٹیم کو تعینات کیا گیا ہے۔ ہندوستانی فوج کی انفنٹری بٹالین کا ایک دستہ بھی صبح ہی رودرپریاگ سے روانہ ہوا۔
وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ملبے تلے دب جانے کی وجہ سے لڑکی کی موت پر دکھ کا اظہار کیا اور لاپتہ شخص کی سلامتی اور خیریت کی خواہش کی۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پولیس، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور ضلع انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور بچاؤ اور راحت کے کاموں میں مصروف ہیں۔

