تاثیر 23 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ارریہ 23 اگست: لوک سبھا میں کانگریس کے قائد اپوزیشن راہل گاندھی اور تیجسوی پرساد کی ووٹر ادھیکار یاترا کو لیکر عظیم اتحاد کی جماعتوں کے قائدین ضلع میں مسلسل عوامی رابطہ مہم میں مصروف ہیں۔ اس ضمن میں کانگریس لیڈر اور ارریہ ضلع ووٹر ادھیکار یاترا کے انچارج ندیم جاوید نے ہفتہ کے روز فاربس گنج اسمبلی حلقہ کے مختلف علاقوں میں عوامی رابطہ کیا۔
عوامی رابطہ کے دوران کانگریس لیڈر ندیم جاوید نے عوام سے اتوار کو منعقد ہونے والی ووٹرادھیکار یاترا میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ کانگریس لیڈر ندیم جاوید نے فاربس گنج کے دربھنگی ٹولہ وارڈ نمبر 12 میں گھر گھر عوامی رابطہ کیا۔
اس موقع پر ندیم جاوید نے کہا کہ ووٹ چوری کرکے اقتدار میں آنے والی بی جے پی حکومت عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بہار میں نتیش حکومت ووٹر اسپیشل انٹینسیو ریویڑن کے نام پر لوگوں کو بہت پریشان کر رہی ہے۔ زندہ لوگوں کو مردہ قرار دیا جا رہا ہے۔ جس کے حوالے سے قائد حزب اختلاف ووٹروں کے حقوق کے لیے ووٹر ادھیکاریاترا پر ہیں۔

