نیشنل ہینڈ لوم ڈے پر ‘دروہر 3.0’ کا شاندار فیشن واک

تاثیر 07 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکتہ، 07/ اگست (تاثیر بیورو) ویمنز انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آرٹس کونسل، ویسٹ بنگال نے نیشنل ہینڈ لوم ڈے کے موقع پر ’دروہر 3.0‘ کے ذریعے دیسی بنکروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ دی سیٹر ڈے کلب کولکاتا میں منعقدہ اس سالانہ تقریب میں روایتی ہینڈ لوم ملبوسات کی فیشن واک کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے ریمپ پر جلوہ گر ہوکر بنکروں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
تقریب میں مشہور اداکارہ و ماڈل ریچا شرما کی موجودگی نے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ اس پروگرام کی قیادت ڈبلیو آئی سی آئی سی آئی آرٹس لیڈرشپ کونسل کی ریجنل صدر پرو میتا گھوش اور نائب صدر انیشا سنگھ موٹوانی نے کی۔ فیشن واک میں شامل نمایاں شخصیات میں فلم ساز سو دیشنا رائے، ڈاکٹر روپالی باسو، آئی پی ایس شانتی داس، مانوشی رائے چودھری، سیما سپرو اور جئیتا گنگولی شامل تھیں۔
اس موقع پر سیٹر ڈے کلب کی آرٹس اینڈ کلچر کمیٹی کی چیئرپرسن عائشہ سنگھ نے کہا کہ “دروہر صرف ایک تقریب نہیں بلکہ ہماری ثقافت سے جڑا ایک مقصدی قدم ہے، جو بنکروں کی محنت اور ہنر کو عزت دیتا ہے۔” جبکہ پرومیتا گھوش نے کہا کہ “ہینڈلوم صرف ایک دستکاری نہیں بلکہ ایک وراثت ہے، جسے ہمیں اگلی نسلوں تک پہنچانا ہے۔ ‘دروہر’ کا مقصد بنکروں کو منظرِ عام پر لانا اور ان کے کام کو اہمیت دینا ہے۔”