تاثیر 04 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
موتیہاری، 4 اگست :
شہر کے معروف ادارہ جیون جیوٹی اسپتال میں گزشتہ روزایک پُروقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا جس میں ایسوسی ایشن آف یونانی فزیشینز بہار کی مشرقی چمپارن یونٹ کا باقاعدہ قیام عمل میں آیا۔ اس باوقار پروگرام کی صدارت یونانی طب کے سینئر معالج ڈاکٹر ایم یو اختر نے فرمائی جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر شاکر صبا نے انجام دیے جو اس پروگرام کے روح رواں بھی تھے۔پروگرام میں ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر شفاعت کریم(پٹنہ)، خزانچی ڈاکٹر عبداللہ انصاری، سکریٹری ڈاکٹر خالد اقبال اور لیگل سیکریٹری ڈاکٹر مسرور حسن قاسمی نے خصوصی طور سے شرکت فرمائی۔ اس نشست کو ڈاکٹر فیصل پرویز خان کی سرپرستی حاصل رہی۔
اجلاس میں تنظیم کے ضلعی ڈھانچے کی تشکیل کا اعلان کیا گیا جس کے تحت ڈاکٹر ایم یو اختر کو ضلعی صدر، ڈاکٹر امام الدین کو نائب صدراور ڈاکٹر شاکر صبا کو ضلعی جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا۔ مالی امور کی ذمہ داری ڈاکٹر امام کو سونپی گئی جبکہ ڈاکٹر مظفر حسین کو جوائنٹ سکریٹری نامزد کیا گیا۔ترجمانی کے اہم شعبے کے لیے چار فصیح و بلیغ اطباء کا انتخاب عمل میں آیا جن میں ڈاکٹر محمد طارق ظفر، ڈاکٹر امتیاز الحق، ڈاکٹر منظر الحق اور ڈاکٹر گلریز قمر شامل ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر سعیدالرحمان اور ڈاکٹر ریاض الدین نے بھی خطاب کیا اور یونانی طب کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے امکانات پر روشنی ڈالی۔
اس تاریخی اجلاس میں ضلع کے کثیر تعداد میں یونانی معالجین نے شرکت کی، جن میں نمایاں ناموں میں ڈاکٹر ضیائالرحمان، ڈاکٹر فیضان خان، ڈاکٹر ناہید اختر، ڈاکٹر حزب الرحمن، ڈاکٹر ابو عبیدہ، ڈاکٹر تنویر احمد، ڈاکٹر عبداللہ، ڈاکٹر یوسف، ڈاکٹر عمر نسیم، ڈاکٹر وارث علی، ڈاکٹر نوشاد عالم اور دیگر معزز اطباء شامل تھے۔یہ اجلاس نہ صرف یونانی برادری کے لیے ایک نئی صبح کا پیغام تھا بلکہ چمپارن میں طب یونانی کے فروغ کی ایک مستحکم بنیاد بھی فراہم کرتا ہے۔

