تاثیر 01 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی یکم اگست: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 17 ہزار کروڑ روپے کے لون فراڈ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں ریلائنس گروپ کے چیئرمین اور ایم ڈی انیل امبانی کو سمن جاری کیا ہے۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی نے انہیں 5 اگست کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا ہے۔
مرکزی تحقیقاتی ایجنسی نے انیل امبانی کو بھیجے گئے سمن میں نئی دہلی میں ای ڈی ہیڈکوارٹر میں حاضر ہونے کو کہا ہے، کیونکہ یہ معاملہ یہاں درج کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے جمعہ کو بتایا کہ ان کا بیان منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ 2002 (پی ایم ایل اے) کے تحت ریکارڈ کیا جائے گا۔
انل امبانی کو یہ سمن اس وقت جاری کیا گیا ہے جب مرکزی تفتیشی ایجنسی نے گزشتہ ہفتے ان کے کاروباری گروپ کی کئی کمپنیوں اور عہدیداروں پر چھاپے مارے تھے۔ ای ڈی کی چھاپہ ماری جو 24 جولائی کو شروع ہوئی تھی، ممبئی کے 35 سے زیادہ مقامات پر تین دن تک جاری رہی، جس میں انیل امبانی گروپ کی کمپنیوں کے کئی عہدیداروں سمیت 50 کمپنیاں اور 25 افراد شامل تھے۔

