موہالی آکسیجن فیکٹری میں دھماکہ، دو ملازمین جاں بحق، تین زخمی

تاثیر 06 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

چنڈی گڑھ، 06 اگست:راجدھانی چنڈی گڑھ سے متصل پنجاب کے موہالی میں واقع ایک فیکٹری میں بدھ کی صبح سلنڈر دھماکے سے دو ملازمین ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ فیکٹری کی چھت اڑ گئی اور آس پاس کے گھروں کی دیواریں لرز گئیں۔ حادثے کا سبب بننے والے سلنڈر کے ٹکڑے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں کمبالا میں گرے پائے گئے۔ دھماکے کے باعث جاں بحق مزدوروں کی لاشیں بھی بکھر گئیں۔
موہالی میں واقع یہ فیکٹری ہائی ٹیک انڈسٹری کے نام سے چل رہی ہے۔ آکسیجن سلنڈر یہاں سے ٹرائیسٹی کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں میں بھیجے جاتے ہیں۔ یہ کمپنی یہاں تقریباً 30 سال سے چل رہی ہے۔ پولیس، فائر بریگیڈ اور ایف ایس ایل کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یہ دھماکہ فیکٹری کے آکسیجن پلانٹ میں اس وقت ہوا جب یہاں سلنڈر لوڈ کیے جا رہے تھے۔ اس دوران تقریباً 5 افراد اس کی زد میں آ گئے جن میں سے دو افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ دھماکے کی وجوہات مکمل طور پر سامنے نہیں آسکی ہیں۔