تاثیر 13 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 13 اگست: بالی وُڈ کے معروف اداکار اکشے کمار کو ایئرپورٹ چھوڑنے کے بعد واپس لوٹنے والی ایک لگژری ایس یو وی کو ٹریفک پولیس نے مکمل سیاہ شیشے لگانے کے باعث ضبط کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اکشے کمار جموں میں کلیان جیولرز کے شو روم کے افتتاح کے لیے خصوصی طور پر آئے تھے، جہاں شہر اور جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں مداح اُن کا استقبال کرنے پہنچے۔ اداکار نے اس موقع پر 19 ستمبر کو ریلیز ہونے والی اپنی فلم جولی ایل ایل بی 3کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جموں کے عوام کا پُرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔
افتتاحی تقریب کے بعد اداکار کو رینج روور ایس یو وی کے ذریعے ایئرپورٹ پہنچایا گیا، جہاں سے وہ ممبئی روانہ ہو گئے۔ گاڑی کے واپس آتے ہی ٹریفک پولیس نے ڈوگرہ چوک پر اسے روک کر مکمل سیاہ شیشے ہونے کے سبب ضبط کر لیا۔ٹریفک پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر ناصر حسین نے بتایا کہ گاڑی کے شیشے مکمل طور پر سیاہ ہونے کی وجہ سے ضبط کر لی گئی ہے،جبکہ معاملہ ایڈیشنل موبائل مجسٹریٹ، ٹریفک کورٹ جموں کو بھیج دیا گیا ہے۔

