فجی کے وزیراعظم تین روزہ دورے پر بھارت آئیں گے

تاثیر 21 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 21 اگست: بحرالکاہل میں ہندوستان کے ایک اہم دوست فجی کے وزیر اعظم سیتیونی لیگامادا ربوکا 24 اگست کو ہندوستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر یہاں پہنچیں گے۔ وزارت خارجہ نے آج یہاں بتایا کہ مسٹر ربوکا کے ساتھ ان کی اہلیہ سلویتی ربوکا بھی ہوں گی اور ان کے ساتھ آنے والے وفد میں فجی کے وزیر صحت اور طبی خدمات رتو انتونیو لالابالاو اور سینئر عہدیدار شامل ہوں گے۔ وزیر اعظم ربوکا کاوزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا ہندوستان کا دورہ ہوگا۔ نئی دہلی کے اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم ربوکا 25 اگست کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ وزیر اعظم مودی مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ وزیر اعظم ربوکا نئی دہلی میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ صدر مرمو نے اگست 2024 میں فجی کا دورہ کیا تھا۔ مسٹر ربوکا کے ہندوستان کے دورے سے قبل بحرالکاہل میں ایک اور اہم دوست فلپائن کے صدر نے بھی اس ماہ ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔