تاثیر 04 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ،04اگست:گنگا ندی میں طغیانی راگھوپور کی زمین پر تباہی مچا دی ہے۔ پانی کی سطح مسلسل بڑھنے سے بلاک کے نچلے علاقوں میں صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے۔ سیلاب کا پانی اب گاؤں کو نگلنے لگا ہے اور سڑکوں کا رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے لوگ ایک دوسرے سے کٹ گئے ہیں۔
شیو نگر بازار سے وشرام ٹولہ تک سڑک پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے لوگوں کو آنے جانے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی لوگ کیلے کے تنوں اور ٹیوبوں کی مدد سے مقامی سڑکوں کو عبور کر رہے ہیں۔ کچی درگاہ-بدو پور چھ لین پل کے پیلر نمبر 29 کے قریب سڑک کاٹ دی گئی ہے۔ اس سے جعفرآباد اور جہانگیر پور جیسے گاؤں متاثر ہوئے ہیں جن کا مرکزی سڑک سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔
سیلاب کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کشتی یا ریسکیو کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔ نتیجہ – کسان کمرتک گہرے پانی میں جان جوکھم میں ڈال کر کھیتوں سے کچی فصلیں اور جانوروں کے لیے چارہ نکالنے پر مجبور ہیں۔

