یوم آزادی پر شہری ترقی اور توانائی کے وزیر نے نگر پنچایت جہان گنج میں 64 ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا

تاثیر 16 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

اعظم گڑھ، 16 اگست: یوم آزادی کے موقع پر شہری ترقیات اور توانائی کے وزیر اے کے شرما نے دیر شام نگر پنچایت جہان گنج میں منعقد ایک پروگرام میں امر شہید کے کے سنگھ کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت نظر کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس دوران وزیر اے کے شرما نے کہا کہ ملک کی آزادی بہادر سپوتوں کی قربانیوں اور جرات کا نتیجہ ہے، جسے ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
پروگرام میں شہری ترقی اور توانائی کے وزیر نے نگر پنچایت جہان گنج میں 24 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والے 64 ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ ان پروجیکٹوں میں سڑک کی تعمیر، نالوں کی تعمیر، پینے کے پانی کی فراہمی کی اسکیمیں، مکھیہ منتری نگر سرجن یوجنا، ویشوک نگرودیہ یوجنا، جھیل اور تالاب کے تحفظ کی اسکیم اور پنڈت دین دیال اپادھیائے آدرش نگر پنچایت یوجنا شامل ہیں۔
وزیر موصوف نے نو تعمیر شدہ نگر پنچایت دفتر کا بھی افتتاح کیا جو جدید سہولیات سے آراستہ ہے اور شہریوں کو نگر پنچایت سے متعلق خدمات جلد اور شفاف طریقے سے فراہم کرے گا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ترقی کو گاؤوں، قصبوں اور شہروں کے کونے کونے تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔ آج کے افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے سے علاقے کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط ہو گا اور شہریوں کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔