تاثیر 22 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کاکچنگ (منی پور)، 22 اگست:منی پور پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ضلع کاکچنگ کے واباگائی لامکھائی تھونگکھا علاقے سے چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ منی پور پولیس کے ترجمان نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کی گئی کاروائی میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت تامنگلونگ ضلع کے تابان گاوں رہائشی تھین مائی کائسیڈنداؤ لیانگمی (53)، تابام گاوں رہائشی دنتھوئبو چاوانگ (27)، کاوالونگ رہائشی لونگھیپیولیو (37) اورکانگپوکپی ضلع کے ماکوئی رہائشی ناگاتھونگلیو (42) کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق تلاشی کے دوران صابن کے 91 ڈبوں میں رکھی گئی 1.12 کلو گرام ہیروئن قبضے میں لے لی گئی۔ ایک بولیرو گاڑی، پانچ موبائل فون اور دو آدھار کارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔ مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس سپلائی چین میں شامل دیگر لوگوں کی تلاش کر رہی ہے۔

