تاثیر 14 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 14 اگست: مدھیہ پردیش میں مانسون ایک بار پھر سرگرم ہوگیا ہے۔ بدھ کو راجدھانی بھوپال سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں بارش ہوئی۔ شام تک تقریباً 17 اضلاع میں بارش ہوئی۔ ریاست کے مالوا-نماڑ خطہ یعنی اندور اور اجین میں اگلے 3 دنوں تک بہت تیز اور بھاری بارش کا الرٹ ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ان دونوں ڈویژنوں کے 15 میں سے 8 اضلاع میں 14 انچ سے بھی کم بارش ہوئی ہے۔ دوسری طرف گنا، نیواڑی، منڈلا اور ٹیکم گڑھ میں 45 انچ سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔
ماہر موسمیات ڈاکٹر دیویا ای سریندرن نے کہا کہ خلیج بنگال میں کم دباو کا علاقہ سرگرم ہوگیا ہے۔ ایک ہی وقت میں تین ٹرف کی سرگرمی بھی ہے۔ اگلے چار روز میں سسٹم مضبوط ہو جائے گا۔ جس کی وجہ سے کئی اضلاع میں بہت تیز اور موسلادھار بارش کا دورانیہ ہوگا۔ جن اضلاع میں جمعرات کو بہت زیادہ بارش ہو سکتی ہے ان میں بیتول، چھندواڑہ اور پانڈھرنا شامل ہیں۔ وہیں بھاری بارش والے اضلاع میں اندور، اجین، دھار، بڑوانی، کھرگون، برہان پور، کھنڈوا، دیواس، ہردا، نرمداپورم، شیوپور اور شیو پوری شامل ہیں۔ یہاں اگلے 24 گھنٹوں میں ساڑھے 4 انچ تک پانی گر سکتا ہے۔

