ممبئی میں مسلسل تیسرے دن بھی موسلا دھار بارش، نظام زندگی درہم برہم ، اسکول کالج بند

تاثیر 18 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 18 اگست:ممبئی میں پیر کے روز مسلسل موسلادھار بارش کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے پیر کے روز ممبئی میں اگلے 72 گھنٹوں تک شدید بارش کی وارننگ دی ہے جس کی وجہ سے انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی ضروری کام ہو تو ہی گھروں سے نکلیں۔برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے شدید بارش اور سڑکوں پر پانی بھر جانے کے باعث پیر کو دوپہر کے وقت کام کرنے والے تمام اسکولوں اور کالجوں کو بند کرنے کا اعلان کردیا۔ دریں اثنا، محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے شہر اور مضافات کے لیے اگلے چند گھنٹوں میں مزید بھاری بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے “ریڈ الرٹ” جاری کیا ہے۔ شدید بارش سے ممبئی کی لائف لائن لوکل ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے لوکل ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔
ممبئی اور مغربی مضافاتی علاقوں میں صبح سے ہی موسلادھار بارش جاری ہے۔ مغربی مضافاتی علاقوں جیسے اندھیری، جوگیشوری، گورگاؤں، ملاڈ، کاندیوالی، بوریولی، دہیسر، ولے پارلے، سانتا کروز، باندرہ میں اس وقت موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ جس کی وجہ سے مغربی مضافاتی علاقوں کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ بارش کی وجہ سے وڈالا، کرلا، دادر، لال باغ، کنگ سرکل، سیون میں پانی جمع ہے۔ اندھیری سب وے اور میلان سب وے بارش کے پانی سے بھرے ہوئے ہیں۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ملازمین ان تمام جگہوں پر پمپنگ کی مدد سے پانی نکال رہے ہیں۔ اس کے ساتھ بارش کی شدت کو دیکھتے ہوئے کئی مقامات پر مین ہول کھول دیے گئے ہیں، تاکہ پانی کی جلد از جلد نکاسی کی جاسکے۔