موسلا دھار بارش کا قہر، سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیرآب،کئی کچے مکانات منہدم

تاثیر 03 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

مرزا پور، 03 اگست: راج گڑھ علاقے میں اتوار کی صبح تقریباً ڈھائی گھنٹے تک موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی۔ موسلا دھار بارش کے باعث دریائے بکہر اوور فلو ہوگیا جس سے بیلن بکہر فیڈر کینال اور کوڑی گاؤں کا بند ٹوٹ گیا۔ جس کی وجہ سے کوڑی گاؤں کے دو کچے مکانات مکمل طور پر زمین بوس ہو گئے اور ندیہار، کوڑی، راج گڑھ اور بھیٹی سمیت کئی دیہات میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔
کوڑی گاؤں کے رہائشی برج بہادر اور دیپ نارائن کے کچے مکانات گر گئے۔ مکان کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کا سامان بھی ملبے میں دب گیا۔ اس کے ساتھ ہی ندیہر گاؤں کے امیت سنگھ، اوم پرکاش، سنجو، بلونت، لکشمینا، ویرو، مینا سمیت درجنوں لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔ راج گڑھ میں پرمود سونکر کا گھر بھی پانی میں ڈوب گیا جس کی وجہ سے ان کا خاندان چاروں طرف سے پانی میں گھرا ہوا ہے۔ کوڑی گاؤں کے دودھناتھ اور ہوسلا پرساد کا خاندان بھی سیلابی پانی میں پھنس گیا ہے۔