تاثیر 25 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بیروت،25اگست:لبنان کی جانب سے امریکی منصوبے میں کی جانے والی ترامیم پر اسرائیلی جواب لے کر امریکی ایلچی تھامس براک آج پیر کے روز بیروت پہنچے ہیں۔ دوسری جانب حزب اللہ اور امل مومنٹ نے عوام سے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی ہے۔امل کے مرکزی دفتر اور حزب اللہ کے مرکزی یونین و ورکروں کے یونٹ نے بیان میں لبنان کے مزدوروں اور یونین ممبران سے کہا کہ وہ بدھ کو سہ پہر 2:30 بجے ریاض الصلح چوک میں جمع ہوں، تاکہ حکومت کے 5 اور 7 اگست 2025 ء کے دو فیصلوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جا سکے۔ ان فیصلوں میں اسلحہ کو صرف ریاست کے کنٹرول میں رکھنے کا فیصلہ شامل ہے۔حزب اللہ اور تحریک امل نے بیان میں کہا کہ “مزاحمتی اسلحہ وہ شریف ہتھیار ہے جو وطن کا دفاع کرتا ہے” اور عوام سے کہا کہ وہ بیرونی دباؤ کو مسترد کریں۔حزب اللہ اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کی قیادت میں امل تحریک نے کہا کہ یہ “عوامی احتجاجی اجتماع قومی طور پر اس بات کا اظہار ہے کہ ہم دباؤ اور سرجھکانے کے طریقے کو قبول نہیں کرتے اور اپنے ہتھیار کے حق کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں، جس نے دشمن کی طاقت توڑنے کی صلاحیت ثابت کی ہے”۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ حزب اللہ نے باضابطہ طور پر حکومت کے اسلحہ کو ریاست کے کنٹرول میں رکھنے کے فیصلے کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کی کال دی، جبکہ پہلے اس کے حامی موٹر سائیکل مارچوں کی صورت میں بیروت کی گلیوں میں احتجاج کر چکے ہیں۔

