تاثیر 17 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پھلواری شریف، 16 اگست (شعیب قریشی): بنیادی تعلیمی مرکز، پھلواری شریف، منہاج نگر میں 2022 سے جاری مفت بنیادی تعلیم کا سلسلہ مستقل طور پر علم کی روشنی پھیلا رہا ہے۔ اس سال بھی روایت کے مطابق طلبہ نے یومِ آزادی کے جشن میں جوش و خروش سے حصہ لیا۔ تقریب میں کثیر تعداد میں طلبہ اور مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرکز کی سربراہ محترمہ شبینہ ملک اور استاد حافظ ظفر عالم نے بچوں کو خصوصی دعاؤں سے نوازا۔
بنیادی تعلیمی مرکزکے اساتذہ نے اس مقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا:’’15 اگست کی صبح یومِ آزادی کی مبارکباد! یہ آزادی ہمیں بے شمار قربانیوں کے بعد ملی ہے۔ ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے اور اپنے دین پر مکمل آزادی کے ساتھ عمل کرنا چاہیے۔ ہمیں اپنے قائد کے احکامات پر عمل پیرا ہونے کے لیے اللہ سے توفیق مانگنی چاہیے۔ اگر ہم نے اس آزادی کی ناشکری کی تو وہ دن بھی آ سکتا ہے جب ناشکری کے باعث یہ آزادی ہم سے چھین لی جائے گی، جیسا کہ کچھ حالات میں یہ چھن بھی رہی ہے۔ آزادی کی حقیقی خوشی تب ملے گی جب ہم علم کے چراغ جلائیں گے۔‘‘اساتذہ نے مزید کہا:’’جس چراغ کو تم نے فضول سمجھ کر بجھا دیا، وہی چراغ جلاؤ تو روشنی ہوگی۔ بنیادی تعلیم قوم کے ہر فرد کے لیے ضروری ہے۔ اس کی اہمیت کو سمجھنا ضروری ہے، ورنہ زندگی ہمیشہ ادھوری رہے گی۔‘‘ اس موقع سے تمام طلبہ و طالبات نے دل کی گہرائیوں سے یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ تقریب کا اختتام ان اشعار پر ہوا:’’ہو حلقہ یاراں تو بریشم کی طرح نرم۔رزمِ حق و باطل ہو تو فولاد ہے مومن‘‘

