تاثیر 18 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکتہ، 18/ اگست (محمد نعیم) سماجی و تعلیمی ادارہ اپنا ادھیکار کی جانب سے 15 اگست 2025 کو یومِ آزادی نہایت جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ادارے میں زیرِ تعلیم بچوں کے درمیان رنگ سازی اور مضمون نویسی کے مقابلے منعقد کیے گئے، جبکہ پرجوش ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے جنہیں سامعین نے بے حد پسند کیا۔
تقریبات کا مقصد بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ ان میں حب الوطنی، اعتماد اور روشن مستقبل کی جستجو کو بیدار کرنا تھا۔
قابلِ ذکر ہے کہ اپنا ادھیکار کئی برسوں سے موتی جھیل اور کولکتہ کے دیگر علاقوں میں پسماندہ طبقات خصوصاً بچوں کی تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ صرف موتی جھیل علاقے میں ہی اس وقت ڈیڑھ سو سے زائد بچے معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اپنی زندگی کو سنوارنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔
ادارہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بھی نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔ پیشہ ورانہ تربیت اور تعلیمی منصوبوں کے ذریعے خواتین کو معاشی و سماجی طور پر مضبوط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ وہ بہتر انداز میں معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
اس تعلق سے ادارے کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ ان کی مستقل جدوجہد تعلیم کی اہمیت کو عام کرنا اور پسماندہ طبقات کے بچوں کو ایک کامیاب مستقبل کی طرف گامزن کرنا ہے، تاکہ وہ معاشرے میں اپنا الگ مقام پیدا کر سکیں۔

