تاثیر 25 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 25 اگست: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو یہاں فجی کے اپنے ہم منصب سیتیونی ربوکا کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک سمندروں سے الگ ہیں لیکن ہماری خواہشات ایک ہی کشتی میں ہیں۔ہندوستان اور فجی کے درمیان یہاں حیدرآباد ہاؤس میں ہونے والی میٹنگ کے دوران 8 معاہدوں پر دستخط کیے گئے اور 17 اعلانات کیے گئے۔ دونوں ممالک نے صحت، تعلیم، زراعت، سائبر سیکیورٹی، معیاری کاری اور دفاعی تعاون سے متعلق معاہدوں پر دستخط کیے۔ ان میں فجی میں ایک سپر اسپیشلٹی ہسپتال کے قیام میں تعاون، ادویات کی فراہمی، سکل ڈویلپمنٹ اور فوری اثرات کے منصوبوں پر عمل درآمد اہم ہیں۔ دونوں ممالک نے انسانی وسائل کی صلاحیت کی تعمیر، تکنیکی تعاون اور نقل و حرکت میں اضافہ کے معاہدوں پر بھی دستخط کیے۔اعلانات میں ہندوستانی بحریہ کا فجی کا دورہ، دفاعی اتاشی کی تقرری، ایمبولینسوں اور طبی خدمات کا تحفہ، سائبر سیکورٹی ٹریننگ سینٹر کا قیام اور زراعت کے شعبے میں ڈرون اور موبائل سوائل ٹیسٹنگ لیبز کی فراہمی شامل ہیں۔ مذہبی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون کے تحت ہندی-سنسکرت اساتذہ، پنڈتوں کی تربیت، جے پور فٹ کیمپ اور کرکٹ کوچ کی تقرری کی جائے گی۔ اس کے علاوہ’ہیل ان انڈیا‘ پروگرام کے تحت خصوصی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ہندوستانی گھی کو فجی کی مارکیٹ میں داخلہ ملے گا۔

