تاثیر 16 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 16 اگست 2025 —
مولانا مظہر الحق آڈیٹوریم، حج بھون، پٹنہ آج گواہ بنا ایک تاریخی منظر کا جب جن سوراج پارٹی کی جانب سے عظیم الشان بہار بدلاؤ کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس کانفرنس میں ریاست کے کونے کونے سے مسلمانوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی اور ماحول جوش و خروش سے لبریز رہا۔ اجتماع کا بنیادی مقصد بہار اسمبلی انتخابات 2025 میں مسلمانوں کو ان کی آبادی کے تناسب سے بھرپور نمائندگی دینا تھا۔
اس موقع پر جن سوراج کے رہنما پرشانت کشور جی نے اپنے خطاب میں کہا کہ “مسلمانوں کو عقل مندی سے کام لینا چاہیے۔ اگر ہزاروں کی تعداد میں ہندو سماج جن سوراج پارٹی سے جڑ رہا ہے تو مسلم سماج کو بھی کندھے سے کندھا ملا کر اس کارواں میں شامل ہونا چاہیے۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ مسلمانوں کو کم از کم 40 نشستوں پر امیدوار دیا جائے گا۔ اب خاموشی کا وقت ختم ہو چکا ہے، حق اور نمائندگی لینے کا وقت آ گیا ہے۔ مزید اسلام کی تعلیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو اللہ کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرنا چاہئے، اپنے بچوں کے مستقبل کا فیصلہ خود کی جئے. ” ان کے یہ الفاظ ہال میں موجود شرکا کے دلوں میں نئی توانائی اور امید جگاتے ہوئے بار بار تالیوں کی گونج سے استقبال کیے گئے۔
کانفرنس میں ایک اور نمایاں پہلو یہ رہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں لیڈران نے جن سوراج پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ بہار کی تقدیر بدلنے کے لیے اس تحریک کے ساتھ ہیں۔ اس اجتماع میں آفاق احمد ایم ایل سی، منوج بھارتی ریاستی صدر، کشور کمار منا جن سوراج پارٹی لیڈر، سرور علی جنرل سیکریٹری جن سوراج پارٹی، امجد حسن، ڈاکٹر شاہنواز، وسیم نیر انصاری، شہاب ملک، عبدالرحمن میڈیا انچارج، مسیح الدین ترجمانِ پارٹی اور مولانا شاہنواز قاسمی سمیت سینکڑوں رہنما موجود تھے۔ نظامت کے فرائض ابو عفان فاروقی اور طارق انور چمپارنی نے انجام دیے۔
کانفرنس کے اختتام پر فضا اس نعرے سے گونج اٹھی کہ “بدلاؤ اب ناممکن نہیں — آبادی کے حساب سے حق کی سیاسی نمائندگی لے کر رہیں گے۔
کانفرنس میں شریک ہزاروں افراد نے عہد کیا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں بھر پور جد و جہد کریں گے اور مضبوطی کے ساتھ الیکشن لڑیں گے.

