میئر نرملا دیوی پر دو ووٹر آئی ڈی رکھنے کا لگا الزام، الیکشن کمیشن نے بھیجا نوٹس

تاثیر 13 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

مظفر پور13 اگست ( نزہت جہاں)بہار انتخابات سے پہلے ووٹر لسٹ اور اسپیشل انٹینسیو ریویژن میں بے ضابطگیوں کے معاملے پر اپوزیشن جارحانہ ہے۔ ریاست میں عظیم اتحاد کی قیادت کرنے والی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے الیکشن کمیشن کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ بدھ کو تیجسوی نے مظفر پور کی میئر نرملا دیوی پر دو ووٹر آئی ڈی رکھنے کا الزام لگایا۔ اب اس معاملے میں الیکشن کمیشن حرکت میں آگیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے نرملا دیوی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے مظفر پور کی میئر نرملا دیوی کو دو ووٹر شناختی کارڈ رکھنے پر نوٹس جاری کرتے ہوئے چار دن کے اندر جواب دینے کو کہا ہے۔ نرملا دیوی کو 16 اگست کی شام 5 بجے تک الیکشن کمیشن کے نوٹس کا جواب دینا ہوگا۔غور طلب ہے کہ تیجسوی یادو نے الزام لگایا تھا کہ مظفر پور کی میئر نرملا دیوی اور ان کے دیور کے پاس دو ووٹر شناختی کارڈ ہیں۔ تیجسوی یادو نے کہا تھا کہ نرملا دیوی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی لیڈر ہیں اور اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ کی دعویدار بھی ہیں۔ نرملا دیوی کے پاس ایک ہی اسمبلی حلقہ میں دو ایپک آئی ڈی ہیں۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نرملا دیوی کے دیور کے پاس بھی دو ووٹر آئی ڈی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی نیت پر سوال اٹھاتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا تھا کہ بہت سے ووٹروں کو ناقابل شناخت یا مردہ قرار دیا جاتا ہے، لیکن ایسے بی جے پی لیڈروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے جو الیکشن لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں اور جن کے پاس دو ووٹر آئی ڈی ہیں۔تیجسوی یادو نے بہار حکومت کے نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا پر بھی ایسے ہی الزامات لگائے تھے۔ الیکشن کمیشن نے وجے کمار سنہا کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔