تاثیر 09 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سرینگر، 9 اگست،: عوامی اتحاد پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں نے ہفتے کے روز سری نگر میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت سے پارٹی کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ انجینئر رشید کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انجینئر رشید اس وقت نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ مظاہرین نے دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔
شرکا نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر انجینئر رشید کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے نعرے لکھے تھے۔ واضح ہو کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ کے ایک کیس کے سلسلے میں انجینئر رشید کو گرفتار کیا گیا ہے اور وہ گزشتہ 7 برسوں سے سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ اشتیاق قادری، نذیر احمد خان، شیخ خورشید اور فردوس بابا سمیت کئی پارٹی رہنما اس مظاہرے میں شامل ہوئے، جنہوں نے اس طرف توجہ مبذول کرائی جسے انہوں نے طویل اور بلاجواز نظربندی قرار دیا۔

