ہماچل میں مانسون کی تباہی، منڈی میں بادل پھٹنے سے شدید نقصان، شملہ میں مکانات منہدم، 557 سڑکیں بند

تاثیر 30 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

شملہ، 30 اگست:ہماچل پردیش میں مانسون مسلسل تباہی مچا رہا ہے۔ بادل پھٹنے، زمینیں کھسکنے اور شدید بارش کی وجہ سے ریاست کے کئی اضلاع میں صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے۔ معمولات زندگی مکمل طور پر درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں۔ ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق ریاست میں 3 قومی شاہراہوں سمیت 557 سڑکیں ہفتہ کی صبح تک بند رہیں۔ بجلی اور پینے کے پانی کی سپلائی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج اور کل شدید سے انتہائی شدیدبارش کا اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔
منڈی میں بادل پھٹے، دکانوں اور صنعتوں کو نقصان پہنچا
منڈی ضلع میں گوہر تھانہ کے تحت نانڈی پنچایت میں کل دیر رات بادل پھٹنے کے بعد کٹوانڑھی نالے میں طغیانی آ گئی۔ اس تباہی میں 4 دکانوں، ایک کار اور ایک صنعت کو بری طرح نقصان پہنچا۔ کٹ اسٹون کی صنعت مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ 4 دکانیں پانی اور ملبے سے بھر گئیں۔ غنیمت رہی کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے چنڈی گڑھ- منالی نیشنل ہائی وے کو دوبارہ بند کر دیا گیا ہے۔ کھوتی نالہ کے قریب پہاڑ گرنے سے بھاری ملبہ ہائی وے پر گر گیا۔ پولیس اہلکاروں کی مستعدی سے گاڑیوں کو بروقت روکنے کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ شاہراہ کی بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔