تاثیر 09 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 9 اگست: آنے والے تہوار کے موسم کو ذہن میں رکھتے ہوئے،بھارتی ریلوے نے مسافروں کی بھیڑ بھاڑ کو کنٹرول کرنے اور انہیں سفر میں سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے ایک نئی پائلٹ اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ اس اسکیم کو ’’فیسٹیول ٹرپ پیکیج فار فیسٹول رش‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جس میں آنے جانے کے سفر کے لئے ایک ساتھ بکنگ کرنے پر ریٹرن ٹکٹ کے بیس پرائس پر 20فیصد کی چھوٹ دی جائے گی ۔ یہ اسکیم 14 اگست سے نافذالعمل ہوگی۔
ریلوے بورڈ کے ذریعہ 8 اگست کو جاری کردہ کمرشیل سرکلر کے مطابق، یہ اسکیم صرف ان مسافروں کے لیے دستیاب ہوگی جو اپنے دونوں راونڈ ٹرپ سفر ایک ساتھ بک کرائیں گے اور دونوں ٹکٹوں میں مسافر کی تفصیلات یکساں ہوں گی۔ رعایت صرف ان ٹکٹوں پر دستیاب ہوگی جو مکمل طور پر کنفرم ہیں، یعنی ویٹنگ لسٹ میں شامل ٹکٹ اس میں شامل نہیں ہوں گے۔
جانے کے سفر کے لیے ٹکٹ 13 سے 26 اکتوبر کے درمیان کسی بھی تاریخ کے لیے بک کیے جا سکتے ہیں اور واپسی کے سفر کے لیے یہ تاریخ 17 نومبر سے 1 دسمبر کے درمیان ہو سکتی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ واپسی کے سفر کے ٹکٹوں کی بکنگ کے لیے ایڈوانس ریزرویشن پیریڈ (اے آر پی)کی شرط نہیں ہوگی، جس سے مسافروں کے لیے سہولت ہوگی۔

