تاثیر 19 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکتہ، 19/ اگست (محمد نعیم) بھارت میں جنگلی حیات کے دلدادہ فوٹوگرافروں، ماہرین، رہنماؤں اور فطرت کے متوالوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کے مقصد سے “وائلڈ بائی نیچر” (Wild By Nature) کے نام سے ایک نئی پہل کی گئی ہے۔
یہ پلیٹ فارم اُن تمام افراد کے لئے بنایا گیا ہے جو فطرت کی کہانی کو اپنے کیمروں کے ذریعے دنیا کے سامنے لانا چاہتے ہیں۔ اس کا بنیادی مقصد فوٹوگرافروں اور ماہرین کو باہمی ربط، تربیت اور رہنمائی کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ بھارت میں وائلڈ لائف فوٹوگرافی کو زیادہ بامقصد اور پیشہ ورانہ انداز میں فروغ دیا جا سکے۔
اس سلسلے میں وائلڈ بائی نیچر کے بانیوں کا کہنا ہے کہ بھارت میں وائلڈ لائف فوٹوگرافی کے بڑھتے رجحان کے باوجود ایسا کوئی مرکز موجود نہیں تھا جہاں فوٹوگرافروں، اساتذہ اور ایکسپلورز مل کر سیکھ سکیں اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھا سکیں۔ اسی کمی کو پورا کرنے کے لیے اس پلیٹ فارم کی بنیاد رکھی گئی ہے۔
پلیٹ فارم کی قیادت کا کہنا ہے کہ یہاں نہ صرف نو آموز بلکہ تجربہ کار فوٹوگرافر بھی اپنی مہارت کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ ماہر فوٹوگرافروں سے سیکھنے کے مواقع حاصل کریں گے۔ اس کمیونٹی کو اس اصول پر استوار کیا گیا ہے کہ وائلڈ لائف فوٹوگرافی زیادہ شمولیتی اور سستی بنیادوں پر ہونی چاہئے۔ مزید وائلڈ بائی نیچر کا مشن یہ ہونا چاہیے کہ ہر جنگلی حیات کی تصویر صرف ایک لمحہ قید نہ کرے بلکہ ایک بامعنی پیغام بھی دے۔ پلیٹ فارم فوٹوگرافروں کو رہنمائی، معیاری آلات تک رسائی، تربیتی دوروں، نمائشوں اور فطرت دوست سیاحت کے ذریعے مضبوط بنانا چاہتا ہے تاکہ نئی نسل کے فوٹوگرافرز بھی اس شعبے میں آگے بڑھ سکیں۔
اس تعلق سے وائلڈ بائی نیچر کا کہنا ہے کہ “ہم یہاں قوانین بنانے نہیں بلکہ معیارات قائم کرنے آئے ہیں۔ ہمارا مقصد بھارت میں وائلڈ لائف فوٹوگرافی کی سب سے قابلِ اعتماد کمیونٹی تشکیل دینا ہے۔”
اس تحریک کی قیادت ایک مضبوط ٹیم کر رہی ہے جن میں بابی (بانی ڈائریکٹر و چیف مینٹور)، اکشے (بانی و ڈائریکٹر آپریشنز)، ڈاکٹر آدیت (بانی و چیف کیوریٹر)، پربھو (قانونی و انتظامی اُمور)، نندنی (اسٹریٹجی و مواد کی سربراہ)، انکن (ڈیولپر)، رکتیم (ویڈیو گرافر و ایڈیٹر)، دیویندر (فنانس و اکاؤنٹس)، پارتھا (منیجر آپریشنز)، بانی براتا (منیجر لاجسٹکس)، انکیتا (مرچنڈائز و اسٹور کوآرڈینیٹر)، منتو (اسٹور سپورٹ)، سری جیت (آئی ٹی ڈیزائنر) اور سیانتن (آئی ٹی ڈیولپر) شامل ہیں۔

