تاثیر 26 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بہار، جواپنی زرخیزی اور تاریخی اہمیت کے لئے پوری دنیا میں جاناجاتاہے، آج ایک نئے خوشگوار دور کے دہانے پر کھڑا ہے۔ حالیہ دنوں میں، جہاں ایک طرف ریاست میںایس آئی آر کے ہنگاموں اور اسمبلی انتخابات کے شور شرابے نے سیاسی ماحول کو گرم کیا ہوا ہے، وہیں وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ایک ایسا اعلان کیا ہے جو بہار کے مستقبل کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بہار صنعتی سرمایہ کاری پروموشن پیکج، 2025 (بی پی پی پی۔2025)کااعلان نہ صرف اقتصادی ترقی کی ایک نئی راہ کھولتا ہوا نظر آتا ہے بلکہ یہ نتیش کمار کی دور اندیش قیادت اور بہار کے عوام کے تئیں ان کی وابستگی کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ یہ پیکج، جو مفت زمین، مالی مراعات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر مرکوز ہے، بہار کو ایک صنعتی مرکز بنانے کی سمت ایک تاریخی پہل ہے۔
نتیش کمار کا یہ اعلان کہ 100 کروڑ روپے سے زائد سرمایہ کاری اور 1000 سے زیادہ روزگار پیدا کرنے والی صنعتی اکائیوں کو 10 ایکڑ تک مفت زمین دی جائے گی، ایک جرأت مندانہ فیصلہ ہے۔ اس سے بھی بڑھ کر، 1000 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو 25 ایکڑ تک زمین اور فورچون 500 کمپنیوں کو 10 ایکڑ تک مفت زمین کا وعدہ بہار کو بڑے سرمایہ کاروں کےلئے ایک پرکشش پیش کش ہے۔ اس کے علاوہ، 40 کروڑ روپے تک کی سود سبسڈی، 300 فیصد تک خالص ایس جی ایس ٹی کی واپسی، 30 فیصد کیپٹل سبسڈی اور سالانہ 40 لاکھ روپے تک ایکسپورٹ پروموشن جیسے اقدامات سرمایہ کاروں کے لئے ایک پرکشش ماحول پیدا کرتے ہیں۔ چنانچہ وزیر اعلیٰ کا یہ اعلان نہ صرف بڑے صنعتی اداروں کو راغب کرے گا بلکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو بھی فروغ دے گا۔
اس پیکج کی سب سے قابل ستائش خصوصیت اس کا روزگار پر مرکوز ہونا ہے۔ نتیش کمار نے اپنے وژن کو واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے اگلے پانچ برسوں میں ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔ بہار جیسے صوبے میں، جہاں بے روزگاری اور ہجرت طویل عرصے سے ایک بڑا چیلنج رہی ہے، یہ اعلان ایک امید کی کرن ہے۔ اس سے نہ صرف مقامی نوجوانوں کو اپنے صوبے میں روزگار ملے گا بلکہ وہ ہنر مند اور خودمختار بھی بن سکیں گے۔ نتیش کمار کا یہ عزم کہ بہار کے اندر ہی زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں، ان کی عوام دوست پالیسیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
انتظامی شفافیت اور ماحول دوست ترقی کے لئے بھی اس پیکج میں کئی اہم اقدامات شامل ہیں۔ ہنر مندی کے فروغ، ماحولیاتی تحفظ، قابل تجدید توانائی کے استعمال اور نجی صنعتی پارکوں کی حمایت جیسے نکات اسے ایک جامع اور جدید منصوبہ بناتے ہیں۔ یہ اقدامات نہ صرف صنعتی ترقی کو فروغ دیں گے بلکہ بہار کے سماجی و ماحولیاتی ڈھانچے کو بھی مضبوط کریں گے۔ نتیش کمار کی یہ حکمت عملی کہ صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ سماجی انصاف اور ماحولیاتی پائیداری کو بھی ترجیح دی جائے، ایک متوازن ترقیاتی نقطہ نظر کی نشاندہی کرتی ہے۔
سیاسی ہنگاموں کے درمیان، جہاں اپوزیشن تنقید کے لیے ہر موقع کی تلاش میں رہتی ہے، نتیش کمار کا یہ اقدام ان کے مضبوط عزم اور ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔ حالیہ تنازعات، جیسے کہ ایس آئی آر کے ہنگاموں نے، جہاں انتظامیہ پر سوالات اٹھے ہیں، نتیش کمار کی قیادت کو ایک چیلنج کے طور پر پیش کیا ہے۔ لیکن بی پی پی پی۔2025 جیسے اقدامات سے وہ ناقدین کو خاموش کرنے اور ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں کامیاب دکھائی دیتے ہیں۔ ان کا یہ پیکج نہ صرف معاشی ترقی کا ایک ذریعہ ہے بلکہ سیاسی طور پر بھی ایک مضبوط بیان ہے کہ وہ بہار کے عوام کے مستقبل کے لیے پرعزم ہیں۔
بلا شبہ نتیش کمار کی قیادت نے گزشتہ برسوں میں متعدد ترقیاتی سطحوں پر بہار کو ایک نئی شناخت دی ہے۔ کبھی پسماندگی کی علامت سمجھا جانے والا یہ صوبہ آج ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے۔سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ بی پی پی پی۔2025اس سفر میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ پیکج نہ صرف بہار کے معاشی منظرنامے کو بدلے گا بلکہ یہ دیگر صوبوں کے لئے بہار کو ایک رول ماڈل بھی بنائے گا۔ نتیش کمار کا یہ وژن کہ بہار کے نوجوان اپنے صوبے میں ہی اپنا مستقبل سنواریں، ہر ایک بہاری بالخصوص بہار کے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے دل کی آواز ہے۔
************

