تاثیر 09 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تروبہ، 9 اگست:پاکستان کے نوجوان بلے باز حسن نواز نے اپنے ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناٹ آوٹ 63 رن بنائے اور ٹیم کو ہندوستانی وقت کے مطابق ہفتہ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ وکٹوں سے فتح دلائی۔ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 281 رن کا ہدف 49ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
نواز اور حسین طلعت نے چھٹی وکٹ کے لیے 104 رن کی ناٹ آوٹ شراکت داری کر کے ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا اور فتح سے ہمکنار کیا۔ نواز نے 54 گیندوں میں 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 63 رن بنائے، جب کہ طلعت نے 37 گیندوں میں 41 رن (1 چھکے، 4 چوکے) کی شراکت کی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم 280 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ایون لیوس نے 62 گیندوں میں 60 رن (3 چھکے، 5 چوکے) بنائے جبکہ کپتان شائی ہوپ نے 55 اور روسٹن چیز نے 53 رن جوڑے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

